ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ضلع اُترکنڑا میں غیر قانونی شراب کی فروخت پر سختی سے روک لگائی جائے، کاروار میں رودرپّا کی آفسران کو تاکید

ضلع اُترکنڑا میں غیر قانونی شراب کی فروخت پر سختی سے روک لگائی جائے، کاروار میں رودرپّا کی آفسران کو تاکید

Tue, 13 Jun 2017 18:42:27    S.O. News Service

کاروار13؍جون (ایس او نیوز)ریاستی شراب نوشی کنڑول بورڈ کے صدر ایچ سی رودرپّا نے افسران سے کہا ہے کہ وہ ضلع میں غیر قانونی شراب کی فروخت پر مکمل پابندی لگانے کے سلسلے میں سخت اقدامات کریں۔

انہوں نے ضلع شمالی کینرا میں شراب نوشی کنڑول بورڈ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں مختلف محکمہ جات کے افسران سے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ گوا سے غیر قانونی طورپر ضلع میں اسمگل کی جانے والی شراب اور اس کی فروخت پر پوری طرح روک لگانے کی کارروائی ہونی چاہیے۔اس طرح کی غیر قانونی شراب سے کئی خاندان تباہ ہورہے ہیں اگر اس پر روک نہیں لگائی گئی توحالات بہت زیادہ بے قابو ہوجائیں گے۔اس کے علاوہ چھوٹے موٹے باکڑوں میں جو شراب فروخت ہورہی ہے اس پر نگرانی رکھنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے افسران سے کہا جن گرام پنچایتوں کے عوام مکمل شراب بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، ان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات سے نوازنا چاہیے او ر ان کی ہمت افزائی کرنی چاہیے۔اس طرح مکمل شراب بندی لاگو کرنے میں سہولت ہوگی۔اس کے علاوہ اسکولی طلبہ میں نشہ آور اشیاء کے استعمال سے ہونے والے نقصانات کے تعلق سے بیداری مہم چلانا چاہیے۔ریاست کے دیہی مقامات پر دھرمستلا دیہی ترقیاتی ادارے کی جانب سے شراب چھوڑنے کے سلسلے میں کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں، اس میں ریاستی شراب کنٹرول بورڈ کے ذمہ داران کو تعاون کرنا چاہیے۔

اس میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر رودرپّا نے بتایا کہ ریاستی سطح پر شراب نوشی اور اس کے مضرات کے سلسلے میں بیداری لانے کے لئے آئندہ بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔اس ضمن میں حکومت کے مختلف محکمہ جات سے تعاون و اشتراک حاصل کیا جائے گا۔شراب سے ہونے والے نقصانات کے تعلق بیداری پیداکرنے کے لئے نُکّڑ ناٹک ( اسٹریٹ پلے)، کالجوں میں آگاہی مہم،عالمی نشہ مخالف ہفتہ کا انعقاد وغیرہ عمل میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر شراب کنٹرول بورڈ کے رکن وی ایل نائک، ایس پی ونائک پاٹل اور مختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔
 


Share: